ٹوبہ کیلئے اربوں روپے کی 17 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل
ٹو بہ ٹےک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) حکومت پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کیلئے 17 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل کی گئی ہیں۔۔۔
ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 3 ارب 18 کروڑ 47 لاکھ روپے ہے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران تقریبا 42 کروڑ 60 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں،ان سکیموں میں دو میگا پراجیکٹس نمایاں ہیں، جن میں سب سے بڑا منصوبہ چیچہ وطنی تا کمالیہ بائی پاس روڈ کی دو رویہ تعمیر ہے، جو 18.5 کلومیٹر طویل ہے اور اس پر 1 ارب 79 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف بین الاضلاعی آمدورفت بہتر ہوگی ،بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے،دوسرا اہم منصوبہ پیرمحل میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر ہے، جس پر 30 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، یہ کمپلیکس مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کے جدید مواقع فراہم کرے گا اور ضلع میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا،باقی 15 ترقیاتی سکیموں میں شامل منصوبوں میں جھنگ روڈ پر سول ریسٹ ہاوس کی بہتری، سندھیلیانوالی میں ریسکیو اسٹیشن کا قیام، موٹروے کے ساتھ گوجرہ سے چک 351/JB تک سڑک کی تعمیر، چک 361/GB تک نئی سڑک کی تعمیر، ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کی نئی عمارت اور گوجرہ ہاکی اسٹیڈیم میں دکانوں کی تعمیر شامل ہے،اسی طرح پیرمحل جوڈیشل کمپلیکس میں کمی رہ جانے والی سہولیات کی فراہمی، چک 256/GB میں نکاسی آب اسکیم کی بہتری، چک 356/JB اور چک 97/JB میں سڑکوں اور ٹف ٹائلز کی تنصیب، ڈی پی او کمپلیکس کی تعمیر، بستی درکھانہ والا تا صدام حسین بستی سڑک، اور چک 304/JB و چک 311/JB تک سڑکوں کی بحالی و بہتری جیسے منصوبے بھی ترقیاتی فہرست کا حصہ ہیں۔