ٹوبہ :عید الاضحی پر صفائی کرنیوالے ورکرز میں انعامی رقوم تقسیم

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی ورکرز کی خدمات کے اعتراف میں انعامی رقوم تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔۔۔
جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری تھے ، جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری حارث امجد اور سردار مسعود خان گادھی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال، بلدیاتی اداروں کے افسران اور عوامی نمائندگان بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر جنید انوار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ صفائی کے عملے کی محنت قابل تحسین ہے ، یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے عید الاضحی جیسے مصروف موقع پر بھی شاندار کارکردگی دکھا کر پورے شہر کو صاف ستھرا رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے عزم اور نیک نیتی سے ستھرا پنجاب پروگرام کوکامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔