یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا خوردونوش کی قلت برقرار ، خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کو شدید مشکلات

یوٹیلیٹی   سٹورز    پر   اشیا    خوردونوش    کی   قلت    برقرار     ،  خریداری    کیلئے    آنیوالے     شہریوں    کو    شدید    مشکلات

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا خوردونوش کی قلت اور فقدان کا سلسلہ نہ تھم سکا۔شہر کے متعدد یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے ، گھی، چینی، دالوں، چاولوں سمیت دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی عدم دستیابی کی وجہ سے ناصرف خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

بلکہ انتظامی غفلت کی وجہ سے ادارے کی سیلز نہ ہونے کے برابر رہ جانے کے سبب سرکاری خزانے کو بھی ماہانہ کروڑوں روپے مالیت کے خسارے کا شکار بنایا جارہا ہے ۔تمام تر اقدامات مبینہ طور پر محض کاغذی کارروائیوں تک ہی محدود ہیں ۔ متعدد یوٹیلیٹی سٹورز کے شیلف اور الماریاں خالی ہیں اور خریداری کیلئے آنے والے شہری خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ اشیا خورونوش کی قلت کے باعث محکمہ کی آمدن تقریبا نہ ہونے کے برابر ہے شہر کے بیشتر یوٹیلیٹی سٹورز کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں۔ ان عمارتوں کے کرایوں، بجلی کے بلز، ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی صورت میں محکمے کو ماہانہ کروڑوں روپے مالیت کی ادائیگیاں کرنا پڑتی ہیں۔ جس کی وجہ سے محکمہ ہر گزرتے دن کے ساتھ خسارے کے بوجھ تلے دبتا جارہا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات کے اندراج کے باوجود بھی حکام بہتر اقدامات اٹھانے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ شہری مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاخورونوش کی متواتر سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ گرتے ہوئے اس محکمہ کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں