چنیوٹ :فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں کی ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، ملوث عناصر کو ہزاروں روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر محمدقاسم رضا کی سربراہی میں دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے چنیوٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ جاری ہے ۔ٹیموں نے 47 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 6ہزار لٹر سے زائد دودھ کی جدید لیکٹو سکین مشین سے چیکنگ کی اوردودھ کی ناقص کوالٹی پر28ہزار روپے جبکہ ملک شاپس کی چیکنگ کے دوران دودھ کی ناقص کوالٹی پر 8ہزار روپے کے جرمانے عائدکئے جبکہ 15 لٹر ملاوٹی دودھ ضائع کرادیا۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کریانہ سٹور سے دوران معائنہ ایکسپائرڈ مصنوعات برآمد کر لیں اور ملوث عناصر کو 7ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا جبکہ ایک کلو ایکسپائرڈ مصنوعات تلف کرا دیں۔ دریں اثناء قوانین کی خلاف ورزی پر 43ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔