اٹھارہ ہزاری :یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا ءکا فقدان،شہری پریشان

اٹھارہ ہزاری :یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا ءکا فقدان،شہری پریشان

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )یوٹیلیٹی سٹورز پر مہنگائی اور ضروری اشیاءکی عدم دستیابی نے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق اٹھارہ ہزاری کے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کے فقدان سے شہری پریشانی کا شکار ہو کر رہ گئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی، گھی، دالیں اور دیگر روزمرہ کی اشیاءیا تو دستیاب نہیں ہوتیں یا ان کی قیمتیں عام بازار سے بھی زیادہ ہو چکیں جو یوٹیلیٹی سٹورز کے اصل مقصد کے خلاف ہے ۔یوٹیلیٹی سٹورز ماضی میں کم آمدنی والے طبقے کے لیے ایک سہارا ہوا کرتے تھے جہاں انہیں اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کی جاتی تھیں تاہم اب نہ صرف سامان کی قلت ہے بلکہ قیمتیں بھی بازار سے بڑھ گئی ہیں۔مقامی شہری محمد صابر نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یوٹیلیٹی سٹور سے کچھ بچت ہو جاتی تھی مگر اب کئی ہفتے ہو گئے آٹا اور چینی نہیں مل رہے ، اگر کبھی آ بھی جائیں تو قیمت اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ عام بازار سے خریدنا بہتر لگتا ہے ۔ مقامی رہائشی خاتون نے کہا ہے کہ ہر بار یوٹیلیٹی سٹور پر جا کر مایوسی ہی ہوتی ہے ، سامان ہوتا ہے نہ ہی ریلیف۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کی بنیادی وجوہات میں حکومتی سبسڈی میں کمی، فراہمی میں رکاوٹیں اور انتظامی غفلت شامل ہو سکتی ہیں۔ موجودہ معاشی بحران اور بجٹ میں عوامی ریلیف کی کٹوتی نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر فوری توجہ دی جائے ، سبسڈی بحال کی جائے اور ضروری اشیاءکی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں