دوسروں کی مدد کرنیوالے ای او بی آئی کے افسران خود اپنے حقوق کیلئے دربدر
فیصل آباد(عبدالباسط سے)مختلف پرائیویٹ انڈسٹریز، ملز اور دیگر یونٹس میں کام کرنیوالے ورکرز کے حقوق کا تحفظ کرنے والے محکمہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی)کے افسران خود اپنے حقوق کے حصول کیلئے دربدر۔۔۔
10 سال سے زائد عرصہ قبل بھرتی ہونے والے 110 سے زائد اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ترقیوں کے منتظر ، متاثرہ افسران کی ترقیاں نہ ہونے سے نہ صرف ان کی بنیادی تنخواہیں اور الاؤنسز سمیت دیگر مراعات جوں کی توں ہیں بلکہ ایک ہی افسر سے مختلف نوعیت کی اضافی ڈیوٹیاں لینے کے باوجود انہیں اضافی ڈیوٹیوں کے الاؤنسز کی ادائیگی بھی نہیں کی جا رہی۔ ذرائع کے مطابق سال 2014 کو ای او بی آئی میں بھرتی ہونے والے 110 سے زائد اسسٹنٹ ڈائریکٹرز 10 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی ترقیوں سے محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق دیگر سرکاری محکموں میں بھرتی افسران اور ملازمین کو مخصوص کردہ ٹائم پیریڈ اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کرنے کے حوالے سے باقاعدہ شیڈول مرتب کیا جاتا ہے لیکن مبینہ طور پر محکمہ ای او بی آئی میں کوئی باقاعدہ شیڈول ہی مرتب نہیں کیا گیا۔ سال 2014 میں محکمہ ای او بی آئی میں ہونے والی آخری بھرتیوں کے دوران 110 سے زائد اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو بھرتی کرنے کے بعد مختلف ریجنز میں تعینات کیا گیا تھا جس سے محکمہ کی کارکردگی بہتر ہوئی اور ریونیو کولیکشن میں بھی واضح اضافہ ہوا تھا تاہم پرائیویٹ اداروں کے ورکرز کو ان کے حقوق کی فراہمی میں کردار ادا کرنے والے ای او بی آئی کے افسران رواں دنوں خود مسائل کا شکار بنے دکھائی دے رہے ہیں، متاثرہ افسران نے مطالبہ کیا ہے کہ حکام ان کی ترقیوں، تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ نہ صرف افسران کے مسائل کا خاتمہ ہوسکے بلکہ محکمے کی کارکردگی میں بھی بہتری لائی جاسکے ۔