ایف ڈی اے کا ایکشن ، غیر قانونی تعمیرات پر17پلاٹ سیل
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔
اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سمندری روڈ اور شیخوپورہ روڈ کی مختلف ہاؤسنگ سکیموں میں غیرقانونی تعمیرات پر 17 پلاٹس کو سر بمہر کر دیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے ۔ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون اسما محسن کی زیرنگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو سمندری روڈ کی مختلف ہاؤسنگ سکیموں میں دس پلاٹ جبکہ شیخوپورہ روڈ پر واقع ہاؤسنگ سکیموں میں سات پلاٹ بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر تعمیر ہو رہے تھے اس قانون شکنی پر پلاٹس کی تعمیرات کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور غیرقانونی تعمیرات پر مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے ایف ڈی اے انتظامیہ کی طر ف سے جائیداد مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں گھروں و کمرشل عمارتوں کی تعمیر کے لئے بلڈنگ پلان کی باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے وگرنہ وہ تعمیرات جاری نہیں رکھ سکیں گے ۔