ٹھیکریوالا:کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر سڑک تباہ حالی کا شکار
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا )کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر سدھار چھوٹا بائی پاس روڈ تباہ حالی کا شکار،بائی پاس پر جگہ جگہ گہرے کھڈے پڑگئے۔۔۔
گاڑیوں کی آمدو رفت ناممکن بن گئی۔تفصیلات کیمطابق تحصیل صدر جھنگ روڈ سدھار سبزی منڈی کو جانے والا کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ چھوٹا بائی پاس روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ،جس کے باعث روزانہ ہزاروں کسانوں، بیوپاریوں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،مذکورہ روڈجھنگ روڈ سمیت دیگر سڑکوں پرٹریفک کا بہاؤ کم کرنے کی غرض سے تعمیر کیا گیا تھا مگر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث روڈ کی حالت چند ماہ میں ہی ابتر ہوگئی ، اب اس شاہراہ پر گہرے کھڈے ،جگہ جگہ کھڑا بارشی پانی گاڑیوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے ،گاڑیاں بھی تباہ ہو رہی ہیں،جس سے نہ صرف ٹریفک جام ہو رہا بلکہ حادثات بھی بڑھ چکے ،شہریوں کا سفر کرنا اور گاڑیوں کا گزرنا ناممکن ہو چکا ۔کسانوں کا کہنا ہے کہ زرعی اجناس،سبزیاں اور پھل بروقت منڈی نہ پہنچنے کے باعث انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ، انتظامیہ سے فوری طور پر سدھار چھوٹا بائی پاس روڈ کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔ عوامی و تجارتی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر فیصل آباد سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔