ٹوبہ:بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ کافوری ریلیف آپریشن شروع
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ٹوبہ شہر اور گرد و نواح میں گذشتہ روز بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو کی زیر نگرانی فوری ریلیف آپریشن شروع کر دیا۔۔۔
ڈی سی نعیم سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا، ان کے ہمراہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پیام غنی،سینٹری انسپکٹر میاں عابد دستگیر اور صفائی عملہ بھی موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر کو شہباز چوک انڈر پاس اور دیگر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انڈر پاس سے بھاری مشینری کے ذریعے پانی نکالا گیا جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی نکاسی آب کا عمل موثر انداز میں مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، عوام کو مشکلات سے نکالنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمے فیلڈ میں متحرک ہیں ، نکاسی آب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ، انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ کسی بھی نشیبی علاقے میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔