اوورہیڈ برجز کی بحالی اور تزئین و آرائش کی منظوری

 اوورہیڈ برجز کی بحالی اور تزئین و آرائش کی منظوری

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں اوورہیڈ برجز کی بحالی اور تزئین و آرائش کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن، ایکسین ہائی وے ، ایکسین بلڈنگ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو معیاری، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ اس مقصد کے تحت جھال خانوآنہ اور ناولٹی پل کی ایکسپنشن جوائنٹس کی تبدیلی و بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس پر مجموعی طور پر 7 کروڑ 85 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ یہ منصوبہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام مکمل کیا جائے گا۔جی ٹی ایس چوک سے ستیانہ روڈ، ستیانہ روڈ سے واپس جی ٹی ایس چوک کی سمت تک مجموعی طور پر 108 جوائنٹس کو اپ گریڈ کیا جائے گا جن کی لمبائی 3471 آر ایف ٹی (رننگ فٹ) ہے ۔ ان جوائنٹس کی بحالی سے ان فلائی اوورز پر ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ناولٹی فلائی اوور کی کارپٹنگ کا عمل بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے جس پر تقریباً 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں