خسرہ کے پھیلاؤ کا خدشہ ، ویکسی نیشن مہم کا فیصلہ
فیصل آباد(بلال احمد سے )پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں خسرہ کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین لگانے کی بڑی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کی منصوبہ بندی اور ابتدائی انتظامات کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔
پنجاب بھر میں خسرہ اور روبیلا جیسی مہلک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے نومبر کے مہینے میں ویکسی نیشن مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کا مقصد 60 لاکھ سے زائد بچوں کو ممکنہ انفیکشن سے بچانا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق رواں سال خسرہ کی وبا شدت سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ بالخصوص اُن اضلاع میں جہاں گزشتہ برسوں کے دوران بچوں کو حفاظتی ڈوزز کی مکمل فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔ نوٹیفکیشن میں پاکستان کو اُن ممالک کی فہرست میں شمار کیا گیا ہے جہاں پانچ سال تک کی عمر بچوں کو خسرہ سمیت دیگر متعدی امراض سے بچاؤ کی حفاظتی خوراکیں تسلسل سے فراہم نہیں کی جاتیں، جس سے بچوں کی قوت مدافعت کمزور ہونے کا شدید خطرہ ہے ۔ اس ویکسی نیشن مہم کو عالمی ادارہ صحت ، یونیسیف اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمیونائزیشن کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے ۔ مہم کے تحت پنجاب کی 160 تحصیلوں کی 3572 یونین کونسلز میں حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے ۔ جن میں فیصل آباد کی 289 یونین کونسلز بھی شامل ہیں، جہاں 12 لاکھ 7 ہزار 937 بچوں کو خسرے سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک دی جائے گی۔ اس مہم میں ایک کروڑ 70 لاکھ 88 ہزار بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب حکومت نے اسی مہم کے دوران ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) سے بچاؤ کی ویکسین بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، جو بچیوں میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کیلئے انتہائی اہم تصور کی جاتی ہے ۔ اس مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز 15 سے 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور سی ڈی اے کے علاقوں میں ہوگا۔ ایچ پی وی مہم کے دوران 9 تا 14 سال کی عمر کی تمام بچیوں کو یہ ویکسین دی جائے گی، جس کے بعد یہ حفاظتی خوراک معمول کے حفاظتی نظام کا حصہ بنا دی جائے گی۔ محکمہ صحت پنجاب نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس اہم مہم کے لیے فوری مائیکروپلاننگ شروع کریں۔ متعلقہ خواتین سٹاف کی نامزدگیاں کریں اور موجودہ ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے تمام انتظامات مکمل کریں۔ اس سلسلے میں ہر ضلع کو ایک ایچ پی وی فوکل پرسن بھی نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ صوبائی سطح پر مربوط رابطہ برقرار رکھا جا سکے ۔ ماہرین صحت نے خسرہ اور ایچ پی وی جیسی بیماریوں کیخلاف اس دوہری مہم کو انتہائی اہم قرار دیا ہے اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بروقت ویکسین لگوائیں تاکہ ممکنہ وباؤں سے بچا جا سکے ۔