فیسکو کا ڈیجیٹل نظام پیچیدگیوں کا سبب بننے لگا، صارفین پریشان

فیسکو کا ڈیجیٹل نظام پیچیدگیوں کا سبب بننے لگا، صارفین پریشان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو )کا بلنگ کیلئے قائم ڈیجیٹل نظام صارفین کیلئے پیچیدگیوں کا سبب بننے لگا، ایس ایم ایس کے ذریعے بھجوائی گئی ریڈنگ اور بل پر درج شدہ یونٹس میں تضاد سامنے آنے لگا۔۔۔

فیسکو افسران واضع ثبوتوں کے باوجود بل کی تصحیح سے ہی انکار ی ،نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کا صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے متعارف کرایا گیا ڈیجیٹل بلنگ نظام سہولت کے بجائے پریشانی کا باعث بن گیا،جس کے مطابق ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجی جانے والی میٹر ریڈنگز اور بجلی کے بل پر درج یونٹس کے درمیان نمایاں فرق پایا دیکھنے میں آ رہا ہے ،حالیہ دنوں میں طارق آباد سب ڈویژن کے ایک صارف کو 865 یونٹس کی مجموعی ریڈنگ کا تصدیقی پیغام موصول ہوا، جس کی بنیاد پر وہ ماہانہ 178 یونٹس کے ساتھ پروٹیکٹڈ صارف شمار ہوتا ہے تاہم جب اسے بل موصول ہوا تو اس پر مجموعی ریڈنگ 922 یونٹس درج تھی اوراسے 235 صرف شدہ یونٹس کا بل تھما دیا گیا۔ مزید تشویشناک امر یہ ہے کہ صارف کی جانب سے واضح دستاویزی ثبوت فراہم کئے جانے کے باوجود متعلقہ افسران نے بل کی درستگی سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق سب ڈویژن کے اہلکاروں نے مالی سال کے اختتام کو جواز بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بل میں تبدیلی ممکن نہیں، حالانکہ صارف کے پاس فیسکو کا تصدیقی ایس ایم ایس موجود ہے جس میں اصل ریڈنگ واضح طور پر درج ہے ۔ متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام میں شفافیت نہ لائی گئی تو یہ خودکار طریقہ کار مزید مسائل پیدا کرے گا، ریڈنگ اور بل میں فرق کی صورت میں از خود تصیح کا سسٹم متعارف کرایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں