ڈی پی او چنیوٹ کی ایک ہی روز 3مقامات پر کھلی کچہریاں
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی پی او چنیوٹ کی شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کیلئے ایک ہی روز 3 مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں،متعلقہ افسران کو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کیلئے احکامات جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداﷲاحمد نے گزشتہ روز گورنمنٹ پرائمری سکول موضع متھرومہ علاقہ تھانہ رجوعہ،گورنمنٹ پرائمری سکول موضع سدے علاقہ تھانہ کوٹ وساوا اورگورنمنٹ گرلز سکول جنڈ والا کالونی علاقہ تھانہ بھوانہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا ۔ اس دوران متعلقہ ایس ایچ اوز ، تفتیشی افسران اور علاقہ کے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی، کھلی کچہریوں کے دوران ڈی پی او نے لوگوں کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کر دیئے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداﷲاحمد نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مستحکم کرنا ہے ، لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے کیلئے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا ، سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریاں لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام پولیس اسٹیشنز میں بہترین سروس ڈیلیوری کیلئے پولیس ورک کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ، لوگوں کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، قانون کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔