واسا حکام مکمل الرٹ رہیں ،نکاسی آب کا نظام فعال رکھیں:ندیم ناصر

 واسا حکام مکمل الرٹ رہیں ،نکاسی آب کا نظام فعال رکھیں:ندیم ناصر

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر)ندیم ناصر بارش کے دوران شہر بھر میں نکاسی آب کی صورتحال کا خود جائزہ لینے فیلڈ میں پہنچ گئے۔

 اس سلسلے میں انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل الرٹ رہیں اور بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور واسا کی طرف سے قائم کردہ کیمپس پر موجود عملہ کی حاضری، ڈیوٹی کی نوعیت اور فیلڈ میں مشینری کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران تمام اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے فوری طور پر پانی کا اخراج یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا اپنی تمام مشینری کو مکمل فنکشنل حالت میں رکھے ، اور تمام ڈسپوزل سٹیشنز پر جنریٹرز کا انتظام یقینی بنائے تاکہ بجلی بند ہونے کی صورت میں بھی نکاسی کا عمل متاثر نہ ہو۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ نکاسی آب کے عمل کی سخت مانیٹرنگ کریں اور ہر مقام پر فیلڈ اسٹاف کی موجودگی یقینی بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں