ٹوبہ:فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں، 2من ملاوٹی دودھ برآمد
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر )ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے۔۔۔
جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف 2 مقدمات درج کرا دیئے ہیں جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات، قوانین کی خلاف ورزیوں اور سابقہ احکامات پر عمل نہ کرنے پر 16 افراد کو ایک لاکھ 84 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کر دیئے گئے ۔اس حوالے سے یاسر مشتاق نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 2 من سے زائد ملاوٹی دودھ، چائنہ نمک، 60 کلو سے زائد ناقص چائے کی پتی اور زائد المیعاد اشیاء کو برآمد کرکے موقع پر تلف اور ضائع کرا دیا ، اس کے علاوہ 70 کلوگرام جعلی چائے پتی، پیکنگ میٹریل، چولہے اور چلر بھی ضبط کر لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضائع کئے گئے دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائی گئی جبکہ کئی یونٹس میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، حشرات کی موجودگی، پروسیسنگ ایریا میں گندگی اور قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھی گئیں۔ مزید برآں متعدد مقامات پر ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت اہم ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ انتہائی ناقص اور مضر صحت خوراک کا کاروبار کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔