ٹو بہ :ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس
ٹو بہ ٹیک سنگھ،پیر محل (ڈسٹر کٹ رپورٹر ،نامہ نگار، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر ٹو بہ ٹیک سنگھ نعیم سندھو کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شمولیت اختیار کی،اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے مون سون کی موجودہ صورتحال اور ادارے کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بلدیاتی اداروں نے نکاسی آب، مشینری، عملہ اور ایمرجنسی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام تحصیلوں میں مون سون کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں، نالوں کی مکمل صفائی کی جا چکی اور ضلع بھر کے تمام ڈسپوزل سٹیشنز مکمل طور پر فعال ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے ہدایت کی کہ ڈسپوزلز پر جنریٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ بجلی کی بندش کی صورت میں نکاسی آب متاثر نہ ہو۔ انہوں نے خاص طور پر انڈر پاسز پر مشینری اور عملے کی موجودگی کو ہر وقت یقینی بنانے کی تاکید کی تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات نہ ہوں۔ محکمہ انہار کے ایس ڈی او نے اجلاس کو بتایا کہ دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ اس وقت نارمل ہے اور کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں۔ واپڈا کے ایس ڈی او نے بارشوں کے دوران بجلی کی ترسیل اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے تمام محکموں کو الرٹ رہنے ، باہمی رابطہ مؤثر بنانے اور فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی سطح پر ایمر جنسی نافذ کردی ہے ۔