ای او بی آئی فنانس برانچ کی غفلت ، فیلڈ افسران و ملازمین مہینوں فنڈز سے محروم
فیصل آباد(عبدالباسط سے )محکمہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی )شدید مالی مسائل کا شکار بن گیا۔
فیلڈ میں کام کرنے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور دیگر فیلڈ سٹاف کے پٹرول، میڈیکل اور دیگر مراعات کی صورت میں ملنے والے فنڈز کئی کئی مہینوں کی تاخیر کا شکار ،ایک عہدے پر تعینات افسران سے مختلف نوعیت کے اضافی کام کروائے جانے کے باوجود بھی انہیں دیگر کاموں کے اضافی الاؤنسز بھی دینے سے گریز کیا جارہا۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ہزاروں کی تعداد میں قائم نجی انڈسٹریز، ملز، فیکٹریوں اور دیگر یونٹس میں کام کرنے والے ملازمین کو ان کے حقوق اور مراعات کی فراہمی میں کردار ادا کرنے والے محکمہ ای او بی آئی کے افسران، ملازمین اور دیگر فیلڈ سٹاف خود فنڈز کی کمی کی وجہ سے مسائل کا شکار بن کر رہ گئے ہیں،محکمے کی فنانس برانچ کی مبینہ غفلت اور بدانتظامی کی وجہ سے ڈویژن فیصل آباد کے تین ریجنل دفاتر میں تعینات افسران، ملازمین اور دیگر فیلڈ سٹاف سمیت تمام عملے کے پٹرول، میڈیکل اور دیگر مراعات کی صورت میں ملنے والے فنڈز عرصہ دراز سے مہینوں تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فیصل آباد کی تینوں ریجنز میں تعینات افسران، ملازمین اور دیگر عملہ اپنی اصل ڈیوٹیز کے علاوہ مختلف اضافی ذمہ داریاں بھی نبھا رہا ہے ، جس کی وجہ سے انہیں پٹرول سمیت دیگر اضافی اخراجات کا بوجھ بھی خود ہی برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سینٹرل آفس میں قائم فنانس برانچ کی جانب سے اپنی مراعات اور دیگر اضافی فنڈز تو فوری منظور کرتے ہوئے وصول کر لئے جاتے ہیں، لیکن فیلڈ سٹاف اور دیگر عملے کیلئے فنڈز کی کمی کا جواز پیش کر دیا جاتا ہے ۔ ای او بی آئی عملہ نے اعلیٰ حکام سے فنڈز کی کمی سمیت دیگر مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔