وائس چانسلر پروفیسر ذوالفقار کا ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کا دورہ
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کا دورہ کیا۔ اکیڈمیا اور زرعی تحقیق کے اداروں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
زراعت کے شعبے میں جدت لانے اور زرعی تحقیق کے جامع حکمت عملی مرتب کرنے ہر غور کیا گیا۔ چیف سائنٹسٹ ایگریکلچرل ریسرچ پنجاب، ڈاکٹر ساجد الرحمن نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر چیف سائنٹسٹ شعبہ گندم ڈاکٹر جاوید احمد بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار اب بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلہ میں کم ہے ۔ زرعی یونیورسٹیز کے سکالرز، طلبا اور زرعی تحقیقاتی اداروں کی مشترکہ تحقیق سے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ اس تحقیق کے نتائج بروقت فیلڈ میں کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچا کر کاشتکاروں کی زرعی آمدن کیساتھ پاکستان کی معیشت کی بہتری ممکن ہے ۔