مدینہ ٹاون کی نجی یونیورسٹی کے طلبا نے عجائب گھر کا دورہ کیا
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)موسم گرما کی تعطیلات میں بھی لائل پور میوزیم فیصل آباد کی رونقیں بحال،مختلف اداروں کے سمر کیمپس کے طلبا و اساتذہ عجائب گھر کا رخ کر رہے ہیں مختلف تعلیمی اداروں کے سمر کیمپس کا ٹور وقتافوقتا لائل پور میوزیم کے دورہ کرتا ہے ۔
گزشتہ روز بھی مدینہ ٹاون میں واقع نجی یونیورسٹی سے سمر کیمپس کے طلبا اپنے اساتذہ کے ہمراہ لائل پور عجائب گھر کی سیر کو آئے اس موقع پر طلبا بہت زیادہ پر جوش دکھائی دیئے ۔میوزیم گیلری اٹینڈنس نے وزٹرز کو دس گیلریوں کا مرحلہ وار دورہ کرایا جہاں طلبا نے فیصل آباد بننے کی تاریخ،پتھر کے زمانے سے لیکر موجودہ دور کی داستانیں، ہندو،سکھ،مغل و مسلم دور کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔برطانوی راج کے دوران تعمیر پانے والی فیصل آباد کی تاریخی عمارتوں گمٹی،قیصری دروازہ اور گھنٹہ گھر سمیت دیگر ثقافتی ورثہ کی ڈسپلے کردہ تصاویر دیکھیں اور فیصل آباد ریجن سے تعلق رکھنے والے مختلف ہیروز، شاعر، موسیقار،گلوکار و علما کی خراج عقیدت وال پر درج ان کے کارناموں کے بارے میں معلومات اکٹھا کیں اس موقع پر میوزیم فیلڈ آفیسر شہناز محمود کو انٹرویو دیتے ہوئے طلبا و اساتذہ کا کہنا تھا کہ انہیں میوزیم کے دورہ سے عملی طور پر بہت کچھ دیکھنے اور تاریخ کے بارے میں جاننے کو ملا ۔