غیر قانونی کمرشلائزیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:ڈی جی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چودھری نے کہا ہے کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔۔۔
لہذا رہائشی جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی فوری منظوری حاصل کرکے واجبات ادا کئے جائیں بصورت دیگر خلاف ورزی پر عمارت کو سیل رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئرمہرایوب، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما محسن و دیگر افسر بھی موجود تھے ۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے غیرقانونی کمرشلائزیشن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں اور ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں جائیدادوں کی غیرقانونی کمرشلائزیشن کو باقاعدگی سے چیک کیاجائے ۔انہوں نے بلڈنگ لاز کی پابندی کویقینی بنانیکی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ غیرقانونی کمرشلائزیشن میں کسی ملازم کی ملی بھگت کو برداشت نہیں کیاجائیگا لہذا بددیانت اور غفلت شعار ملازمین اپنا قبلہ درست کرلیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے نقشہ جات کی منظوری، ٹی پی رپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے افسروں کو سٹاف کی کارکردگی چیک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تیزرفتار سروس ڈیلیوری میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہئے ۔