میونسپل ملازمین کیلئے خدمت کارڈ ، راشن، جہیز پیکیج کی سہولت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)مہنگائی اور معاشی دباؤ کے اس دور میں ایپکا/ایپکفا ایسوسی ایشن اور آل پاکستان میونسپل ایمپلائز فیڈریشن نے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے ملازمین کے لیے ایک انقلابی فلاحی اقدام کے طور پر خدمت کارڈ متعارف کرا دیا۔
اس منصوبے کے تحت ملازمین کو گھریلو اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر اور فری ہوم ڈیلیوری کے ساتھ فراہم کی جائیں گی۔277 گروپ آف لیمیٹڈ کمپنیز پنجاب کارپوریشن کے تعاون سے ملازمین کو 10 ہزار سے 35 ہزار روپے تک کا راشن ہول سیل ریٹ پر دیا جائے گا، جس کی ادائیگی ہر ماہ کی 5 تاریخ تک قسطوں میں کرنا ہوگی۔ ریگولر ممبران کے لیے خصوصی سہولت رکھی گئی ہے کہ اگر ادائیگیاں بروقت کی جائیں تو ان کے بیٹے ، بیٹی، بہن یا بھائی کی شادی پر تین لاکھ روپے تک کا جہیز سامان قسطوں میں بغیر مارک اپ یا اضافی چارجز کے فراہم کیا جائے گا۔اسی طرح کھانے پینے کی اشیاء بھی چھ ماہ کی مساوی اقساط میں دستیاب ہوں گی۔ مزید یہ کہ بجلی یا گیس کے زیادہ بل کی صورت میں ملازمین دو ماہ کی برابر اقساط میں ادائیگی کر سکیں گے اور اس پر کوئی جرمانہ یا اضافی چارجز لاگو نہیں ہوں گے ۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ملازمین ایپکا دفتر سے رجسٹریشن فارم حاصل کرکے اپنا خدمت کارڈ بنوا سکتے ہیں۔