مقرب الٰہی ٹیلنٹ ایوارڈ کے امتحانات ، ہزار سے زائد طلبا شریک
پنجم اور ہشتم جماعت کے طلبا و طالبات نے بورڈ طرز کے امتحانات دئیے
پینسرہ (نمائندہ دنیا )پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے زیر اہتمام سالانہ مقرب الٰہی ٹیلنٹ ایوارڈ کے لیے امتحانات ایمان سکول اینڈ کالج چک نمبر 75ج ب سوہل میں منعقد ہوئے ، جن میں ڈویژن بھر کے 80 نجی اور سرکاری سکولز کے ایک ہزار سے زائد طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔پنجم اور ہشتم جماعت کے طلبا و طالبات نے انگلش، اردو، ریاضی اور سائنس کے مضامین میں بورڈ طرز کے امتحانات دئیے۔ امتحانات کا مقصد طلبا و طالبات کے اعتماد میں اضافہ اور ان کی سالانہ امتحانی تیاریوں کا جائزہ لینا بتایا گیا۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد راو عبدالکریم، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر جعفر، چودھری ندیم سندھو، رانا شاہد مقرب، میاں ندیم شہزاد، زاہد رشید بسرا، زاہد وقاص، حافظ محمود الحسن، گلزار حسین، محمد عباس اور دیگر مہمانوں نے امتحانات کا جائزہ لیا۔راو عبدالکریم نے کہا کہ ایسے امتحانات طلبا و طالبات کے اعتماد میں اضافہ کرنے کے ساتھ مقابلہ کی فضا پیدا کرتے ہیں۔