ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے منصوبوں کی منظوری دیدی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ضلع فیصل آباد کی5تحصیلوں میں انفورسمنٹ سٹیشن اور میونسپل کمیٹی ڈجکوٹ کی حدود میں تاندلیانوالہ مین فیصل آباد روڈ سے سیم نالہ تک0.67 کلومیٹر سڑک کی بیوٹیفکیشن اور بحالی کی سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دے دی۔
کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے اجلاس کی صدارت کی اور عوامی بہبود کی سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دی۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان نے سکیموں کی اہمیت وافادیت سے آگاہ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تاندلیانوالہ، جڑانوالہ،تحصیل سٹی،صدر اور چک جھمرہ میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈریگولیٹری اتھارٹی(پیرا) کے انفورسمنٹ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبوں کو بلاتاخیر کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کرایاجائے ۔منصوبوں کو مکمل کرنے میں کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔