14 ادویات غیر میعاری استعمال پر پابندی سپلائرز کیخلاف قانونی کاروائی کا امکان

14 ادویات غیر میعاری استعمال پر پابندی سپلائرز کیخلاف قانونی کاروائی کا امکان

ادویات میں ایک کریم، سیرپ اور انجکشنز کی دو، دو مختلف اقسام اور مختلف ٹیبلٹس کی 9 اقسام شامل ، دل، دماغ، دمہ، الرجی اور درد کے علاج کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں ، مریضوں میں تشویش کی لہر

فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں)سال رواں میں اسپیشل ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت پنجاب کی جانب سے فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں استعمال ہونے والی 14 ادویات غیر میعاری قرار دے دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف بیجز کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے 9 مراسلے جاری کر دیے گئے ہیں۔ان ادویات میں ایک کریم، سیرپ اور انجکشنز کی دو، دو مختلف اقسام اور مختلف ٹیبلٹس کی 9 اقسام شامل ہیں۔ یہ ادویات دل، دماغ، دمہ، الرجی اور درد کے علاج کے لیے ہسپتالوں میں استعمال کی جا رہی تھیں۔

شعبہ ہیلتھ کی طرف سے مضر صحت قرار دی جانے والیادویات کو بین کرتے ہوئے پنجاب بھر کی تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، پرنسپلز، میڈیکل کالجز کے ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر طب کے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مضر صحت ادویات کو عرصہ دراز سے استعمال کرنے والے مریضوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، جبکہ غیر میعاری ادویات کی مارکیٹ میں موجودہ اسٹاک اور خرید و فروخت محکمہ ہیلتھ پنجاب کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی بن گئی ۔موجودہ حکومت پنجاب نے میعاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سینٹرل پرچیز کمیٹی قائم کی ہے ، جس کی نگرانی سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کرتے ہیں۔ مذکورہ غیر میعاری ادویات کے سپلائرز کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لانے کی توقع ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں