کم کاربن ٹیکنالوجی پائیدار زرعی ترقی کے پروگرام کا افتتاح

کم کاربن ٹیکنالوجی پائیدار زرعی ترقی کے پروگرام کا افتتاح

حکومت نے زرعی مشینری کے فروغ پر 66 ارب خرچ کیے : اُسامہ خان لغاری

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب کے زیرِ اہتمام ‘‘کم کاربن ٹیکنالوجی کے ذریعے پائیدار زرعی ترقی’’ کے پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اُسامہ خان لغاری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے ۔تقریب میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ژاؤکوین ایما فان (Xiaoqin Emma Fan)، ڈائریکٹر ایگریکلچر اینڈ فوڈ سکیورٹی سینٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیاء زینک فینگ (Qingfeng Zhang) سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری زراعت آغا بنیل اختر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) محمد شبیر احمد خان، ڈپٹی سیکرٹری زراعت پلاننگ کاشف بشیر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت چودھری عبدالحمید اور نوید عصمت کاہلوں، ا نجینئر زاہد مشتاق میر، رانا تجمل حسین سمیت سروس پروائیڈرز اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اُسامہ خان لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے میں جدید زرعی مشینری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔ موجودہ حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران زرعی مشینری کے فروغ پر 66 ارب روپے خرچ کیے ہیں، جس کے نتیجے میں زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی پیداواری لاگت میں نمایاں کمی متوقع ہے ۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت گندم اور چاول کی مشینی کاشت اور برداشت کے لیے 36 ارب 12 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ کاشتکاروں کو زرعی مشینری 30 فیصد سبسڈی پر فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کی کنٹری ہیڈ نے پنجاب میں کلائمیٹ ریزیلینٹ ایگریکلچر کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں