بارش کے بعد واسا متحرک ، مین روڈز سے پانی ختم ،راستے کلیئر
آپریشنز سٹاف نے رات بھر ہنگامی بنیادوں پر بارشی پانی کی نکاسی کا کام مکمل کیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا کی ہدایت پر آپریشنز سٹاف رات بھر شہر میں بارشی پانی کی نکاسی کے لیے سرگرم رہا اور صبح سکول اور دفاتر کے اوقات سے قبل تمام مین روڈز سے پانی کلیئر کر دیا گیا۔رات گئے شہر بھر میں مسلسل ہلکی بارش ہوئی، جس کی اوسط شرح 10.17 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش علامہ اقبال کالونی، جیل روڈ اور گلستان کالونی میں 14.14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈوگر بستی میں 9 ملی میٹر، مدینہ ٹاؤن میں 6 اور غلام محمد آباد میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ممکنہ بارش کی اطلاع ملتے ہی ایم ڈی واسا نے آپریشنز افسروں اور سٹاف کو الرٹ کر دیا اور مشینری پونڈنگ پوائنٹس پر پہنچا دی گئی۔ آپریشنز سٹاف نے رات بھر ہنگامی بنیادوں پر بارشی پانی کی نکاسی کا کام مکمل کیا اور صبح سکول، کالج اور دفاتر کے اوقات سے قبل تمام مین روڈز اور ملحقہ سڑکیں پانی سے کلیئر کر دی گئیں۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری اور تیز رفتار سروسز فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔