سکاؤٹنگ کا شعبہ ڈویژن بھر میں بحال کرایا جائیگا:کمشنر
ڈویژنل انتظامیہ گرلز گائیڈ کے فروغ کیلئے بھی موثر اقدامات کرے گی
فیصل آباد(نیوز رپورٹر )کمشنر فیصل آبادڈویژن راجہ جہانگیر انور نے تقریب میں ڈویژنل بوائر سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صدر کا حلف اٹھایا۔ کمشنر آفس میں سیکرٹری پنجاب بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن طارق قریشی نے حلف لیا۔سی ای او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم اور دیگر افسر، سکاؤٹس عہدیداربھی موجود تھے ۔تقریب میں سکاؤٹس بچوں کاخدمت خلق کاجذبہ مثالی تھا۔کمشنر نے کہا سکاؤٹنگ کے شعبہ کو ڈویژن بھر میں بحال کرایا جائے گا۔سکولوں کے بچوں کوزندگی کا مقصد دینا ہے ۔ زیادہ سے زیادہ طلبہ سکاؤٹنگ میں شامل ہوکر رضاکارانہ طور پر وطن کیلئے اپنی خدمات انجام دیں۔
ڈویژنل انتظامیہ بوائز سکاؤٹنگ کیساتھ گرلز گائیڈ کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کریگی۔ انہوں نے کہا بچوں کی کردار سازی کیلئے صحتمندانہ سرگرمیاں ضروری ہیں۔سکاؤٹس مثبت سوچ کو پروان چڑھائیں۔ ماضی میں سیلاب،زلزلہ سمیت دیگر قدرتی آفات میں سکاؤٹس کے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔اسی جذبے کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ۔دوسروں کی مدد سکاؤٹس کا طرہ امتیاز ہونا چاہیے ۔