بحری بیڑہ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، امید ہے ایران ہم سے ڈیل کر لے گا: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک بحری بیڑہ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، امید ہے ایران ہم سے ڈیل کر لے گا۔

آئیوا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جون میں ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کیا، ایران میں فوجی کارروائی میں کوئی بھی شہری نہیں مارا گیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ میری حکومت نے امریکی سرحدیں مکمل طور پر محفوظ بنا دی ہیں، امریکا کو سرمایہ کاری کے لحاظ سے نمبر ون ملک بنا دیا، فوج، پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ میں ریکارڈ بھرتیاں ہو رہی ہیں، امریکا میں 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے امریکا میں تاریخی منہگائی تھی، آج امریکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، منہگائی کم ہے، سرحدوں کو غیر قانونی تارکین وطن کیلئے مکمل بند کر دیا، امریکا آج سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ملک ہے، بائیڈن کے 4 سال کے دور میں امریکا میں محض ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، جبکہ ہمارے ایک سال کے دوران سرمایہ کاری کا حجم 18 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فرانس نے قیمتیں کم کرنے سے انکار کیا تو ٹیرف بڑھانے کی دھمکی دی، فرانسیسی صدر نے فوراً ہماری بات مان لی، سرحدوں کوغیرقانونی تارکین وطن کیلئے مکمل بند کر دیا ہے، امریکا کی جتنی عزت اب دنیا میں ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین امریکا سے 40 ارب ڈالر کا سویا بین خریدنے پر تیار ہو گیا، ہم نے اپنے کسانوں کو 12 ارب ڈالر کا پیکج ٹیرف کے پیسوں سے دیا، جاپان، برطانیہ اور آسٹریلیا امریکا میں تاریخی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں آئیوا مڈ ٹرم الیکشن مہم شروع کرنے آیا ہوں، اگر ہم وسط مدتی انتخابات ہار گئے تو امریکا بہت کچھ کھو دے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں