بالائی علاقوں میں شدید برف باری، معمولات زندگی متاثر، راستے بند، شہری محصور

لاہور: (دنیا نیوز) بالائی علاقے برف سے ڈھک گئے، اندھا دھند برفباری ہوئی۔

مالم جبہ میں 3، زیارت میں 1 فٹ سے زائد برف پڑ چکی، گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں بھی ایک، ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، کمراٹ اور گلیات کی تمام شاہراہیں مکمل طور پر بند ہوگئیں، علاقے میں 5 روز سے بجلی بھی معطل رہی، شہری شدید مشکلات کا شکار ہوگئے، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگیا، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی۔

ملکہ کوہسار مری میں 9 انچ تک برف پڑ چکی، مال روڈ، جھیکا گلی اور نتھیا گلی سیاحوں کیلئے بند کر دی گئی، صرف بکنگ والوں کو اجازت دی گئی، ،شوگران جانیوالی سڑک کی بھی بندش ہوگئی، ناران سے کاغان تک راستے بحال کر دیئے گئے، چترال اور سوات کی سڑکیں صرف فور بائی فور گاڑیوں کیلئے کھولی گئیں۔

کوئٹہ، قلات، مستونگ، کان مہتر زئی، مسلم باغ، چمن میں بھی برف کی موٹی تہ بچھ گئی، باغ میں برفباری کا سات، وادی نیلم میں پانچ سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، بالائی وادی نیلم میں 6 فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی، بجلی و مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔

پیر چناسی، بالائی نیلم، لیپہ ویلی، سدھن گلی، لسڈنہ، محمود گلی سمیت متعدد بالائی علاقوں کی شاہراہیں بدستور بند رہیں، ،بالائی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں