وزیراعظم سے وزیر خارجہ میانمار کی ملاقات، دیرینہ تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نے ملاقات کی جس میں دیرینہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے میانمار کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت اور معاشی تعاون، تعلیم، ثقافت، استعداد سازی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

اس ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے بالخصوص انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائی میں میانمار کے تعاون اور آسیان (ASEAN) کے ساتھ پاکستان کی شمولیت کے لیے میانمار کی حمایت کو سراہا۔

میانمار کے وزیر خارجہ نے وزیرِ اعظم کی جانب سے دیے گئے پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے میانمار کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔

میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نے 28 مارچ 2025 کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان کی بروقت امداد پر بھی وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں