آپریشن ’غضب للحق‘ ہمارا دفاعی حق، کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک، افغان سرحد پر کیے جانے والے آپریشن ’غضب للحق‘ کے حوالے سے قوم کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کا دفاعی حق ہے اور وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اپنے بیان میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کو ناکام بنایا جائے گا اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج نے بروقت اور مؤثر جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کی ایک ایک انچ زمین کا دفاع ہمارا قومی فریضہ ہے اور سندھ حکومت قومی سلامتی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔
سید مراد علی شاہ نے سرحدوں کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم یکجہتی کی تصویر بنی ہوئی ہے اور دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا کیونکہ پاکستان متحد ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا ہے اور پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، دشمن کی ہر سازش ناکام ہوگی۔