غیرقانونی امیگریشن سے متعلق عالمی کانفرنس، پاکستان کو خراج تحسین

وارسا: (دنیا نیوز) پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں غیرقانونی امیگریشن سے متعلق 6 ممالک کے وزراء داخلہ کی کانفرنس جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان وفد کی قیادت کی۔

پولینڈ کے وزیر داخلہ مارسن کیئرونسکی، ایسٹونیا کے وزیر داخلہ آئیگر ٹارو ، لٹویا کے وزیر داخلہ رجررڈز کوزلووسکیز، فن لینڈ کے سٹیٹ سیکرٹری ہیکی ٹیمینن اور لتھوانیا کے وزیر داخلہ گنٹاراس ایلکزنڈراویچیاس نے اپنے ممالک کی نمائندگی کی۔

کانفرنس میں6 وزراء داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

وزراء داخلہ کانفرنس میں غیرقانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کی حوصلہ افزائی کیلئے مربوط روڈ میپ مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا، تمام ممالک نے پاکستان کیلئے آفیشل سطح پر نوکریاں دینے پر اور غیرقانونی امیگریشن کے تدارک کیلئے مشترکہ اقدامات اور مؤثر کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا۔

کانفرنس میں داخلی سکیورٹی، دہشت گردی اور اینٹی نارکوٹکس کے سدباب کیلئے تفصیلی مشاورت کی گئی اور بارڈر سکیورٹی اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مفصل بات چیت کی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے موجودہ پاک افغان بارڈر صورتحال پر بھی بریف کیا اور بتایا کہ اس وقت 22 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں منظم ہو رہی ہیں، پاکستان اسوقت دنیا اور افغانستان میں دہشت گردوں کے درمیان ایک دیوار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں