ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کا مہنگی بجلی، گیس اور بھاری ٹیکسز پر تحفظات کا اظہار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے مہنگی بجلی گیس اور بھاری ٹیکسز پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔
وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان نے برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ فسیلی ٹیشن سکیم میں مسائل کے حل کیلئے تکنیکی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا، وفد نے ریفنڈز میں تاخیر سے برآمد کنندگان کو مالی مشکلات سے آگاہ کیا۔
وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پاکستانی برآمدات کی ریڑھ کی ہڈی ہے، پالیسیوں میں استحکام اور مسابقت بڑھانا ہماری ترجیح ہے، وزیر تجارت کی نئی منڈیوں کی تلاش اور ہائی ویلیو مصنوعات پر توجہ دینے کی ہدایت بھی دی، ملاقات میں حکومت اور صنعت کے درمیان مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا مشترکہ حکمت عملی سے قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔