فیسکو سٹاف ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دیدی گئی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات اور قومی بجلی منصوبہ 2023-27 کے تحت فیلڈ سٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کیلئے سٹاف ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پلان برائے مالی سال 2025-26 کی منظوری دے دی ہے ۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر (او ڈی) محمود احمد نے تربیتی پروگرام کا باقاعدہ تحریری نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔منصوبے کے تحت فیسکو کے تکنیکی اور غیر تکنیکی عملے (بی پی ایس-16 تک) کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں آئی ٹی، کسٹمر ریلیشنز، عوام اور ملازمین کی حفاظت، اخلاقیات اور رویوں میں بہتری جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے ۔غیر تکنیکی عملے کی تربیت 9 فروری 2026 سے ریجنل ٹریننگ سنٹر فیسکو فیصل آباد اور سرکل ٹریننگ سینٹرز جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں دی جائیگی، جبکہ تکنیکی عملے کو متعلقہ شعبہ جات آپریشن، کنسٹرکشن، ٹیکنیکل سروسز، جی ایس سی اور جی ایس او کے تحت آن دی جاب ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز (ایس ایز) کی جانب سے حاضری کی تصدیق اور سفارشات کے بعد ریجنل ٹریننگ سنٹر کی طرف سے شرکاء کو سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے ۔