فیصل آباد میں سکیورٹی کیلئے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات
1 ہزار سے زائد مساجد، امام بارگاہوں،کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات ہو نگے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے اور سیکیورٹی صورتحال کو مؤثر بنانے کے لیے فیصل آباد پولیس نے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔ ضلع بھر میں عید اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے پانچ ہزار سے زائد پولیس افسروں و اہلکاروں کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں ایک ہزار سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے جہاں بڑی تعداد میں شہری نماز عید ادا کریں گے ۔ ان اجتماعات اور مجموعی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔سکیورٹی پلان کے تحت ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں شہر بھر میں گشت اور پٹرولنگ کریں گی، جبکہ نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے ۔