امریکا کی دوستی دشمنی سے زیادہ خطرناک:آفتاب عظیم بخاری
ایران پر حملے اور خطے میں فوجی اضافہ امریکی بدنیتی :رہنماء پاکستان فلاح پارٹی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے کہا ہے کہ امریکا ہر دور میں مسلم امہ کو نشانہ بنانے کیلئے مختلف بہانے تراشتا رہا ہے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے بعد کسی بھی ملک پر چڑھائی کرنا اس کا وطیرہ بن چکا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عراق میں کیمیائی ہتھیاروں، ایران کے ایٹمی پروگرام اور پاکستان کے میزائلوں سے متعلق بیانات امریکہ کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، امریکا کی دوستی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے اور مسلم حکمرانوں کو یہ حقیقت جلد از جلد سمجھنا ہوگی۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا واقعی ایران سے بامعنی مذاکرات میں سنجیدہ ہوتا تو اپنے اور اسرائیل کے حملے رکوا کر بات چیت کا ماحول پیدا کرتا، مگر تباہ کن حملے ، خطے میں فوجی موجودگی میں اضافہ اور سخت شرائط اس کی بدنیتی کو ظاہر کرتے ہیں۔آفتاب عظیم بخاری نے کہا کہ ایک ماہ کی شدید بمباری اور ایران کی اعلیٰ سیاسی، مذہبی و فوجی قیادت سمیت ہزاروں شہریوں کی شہادتوں کے باوجود استعمار اپنے مقاصد میں ناکام رہا ہے اور اسے شرمندگی کا سامنا ہے ۔انہوں نے اقوام عالم اور امریکی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی اسٹیبلشمنٹ کو جنگی جنون سے روکیں۔