ڈی پی او چنیوٹ کی شہریوں کے مسائل حل کرنیکی ہدایت
پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہے :ڈاکٹر نوید عاطفدفاتر اور تھانوں میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی:گفتگو
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سن کر فوری حل کیلئے احکامات جاری کر دیئے ،ڈی پی او نے درخواستیں متعلقہ افسروں کو مارک کر کے مختص کردہ وقت میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کمپلینٹ سیل افسروں کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسر شہریوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں اور کسی بھی شہری کا بلاوجہ انتظار نہ کروائیں، دفاتر اور تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، شہری بلاجھجھک ڈی پی او آفس تشریف لا سکتے ہیں، مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت کیلئے وٹس ایپ نمبر 0370-4022020 متعارف کروایا گیا ہے جہاں سے گھر بیٹھے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔ڈی پی او نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کیلئے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔