ٹوبہ :ڈپٹی کمشنر کاپارکس سمیت دیگر عوامی مقامات کے دورہ
ترقیاتی کاموں کا جائزہ، بازار میں تزئین و آرائش کا معائنہ ،ہدایات جاری کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی :عمر عباس میلہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نما ئندہ دُنیا )ڈپٹی کمشنرٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے شہر کے مختلف پارکس اور عوامی مقامات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے صدر بازار میں تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا اور صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی بہتری پر زور دیا۔ ٹیکو پارک کے دورے کے دوران بحالی کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عمر عباس میلہ نے کہا کہ پارک کی بحالی سے شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے گنج شکر پارک اور سٹی پارک کا بھی دورہ کیا اورصفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پارکس کی حفاظت اور صفائی برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے بھلیر روڈ پر واقع اولڈ تالاب گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا جہاں گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن اور کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا ۔اسی طرح پیرا کالونی پلے گراؤنڈ اور مصطفیٰ آباد پارک کے دورے کے دوران جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے گوجرہ میں شہری سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ جناح پارک کے دورہ کے دوران انہوں نے واش رومز کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔زیر تعمیر سہولت بازار گوجرہ کو بروقت مکمل کرنے ،علی اصغر پارک میں انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کا بھی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے ادا کریں۔