مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی پاکستان پہنچ گئے، دورے کے موقع پر علاقائی اور عالمی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔

بدرعبدالعاطی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں، مصری وزیر خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بدرعبدالعاطی کا دورہ پاک مصر قریبی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، معزز مہمان کا دورہ علاقائی امور پر مسلسل رابطہ کاری کا مظہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، سعودیہ، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کل اسلام آباد میں ملاقات کریں گے

واضح رہے کہ ایران، امریکا جنگ رکوانے میں سفارت کاری کے مشن کے تحت اسلام آباد میں 29 اور 30 مارچ کو 4 فریقی اجلاس ہوگا۔

اجلاس میں پاکستان سمیت ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

اجلاس خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں کرنا ہے، مذاکرات کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور جنگ کے خدشات کو کم کرنا۔

بعدازاں دفتر خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ مشاورت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان 29 سے 30 مارچ اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ کے درمیان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا، معزز مہمان وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔

اسحاق ڈار نے ایکس پر لکھا ہے کہ اسلام آباد میں اپنے برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں