ارتھ آور: ملک بھر میں سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کی لائٹیں بند رہیں
اسلام آباد:(دنیا نیوز) زمین سے محبت کے عالمی دن کے تحت پاکستان بھر میں سرکاری عمارتوں کی لائٹوں کو ایک گھنٹے کیلئے بند کردیا گیا۔
وزیراعظم کی ہدایت اور ورلڈ ارتھ ڈے کے پیش نظر رات 8 بج کر 30 منٹ سے ساڑھے 9 بجے تک غیر ضروری لائٹیں بند کردی گئیں، شاہراہ دستور، ریڈزون مکمل اندھیرے میں ڈوب گیا جب کہ تمام سرکاری عمارتوں میں غیرضروری لائٹس بند کی گئیں۔
اس کے علاوہ پارلمنٹ ہاؤس، سینیٹ، ایوان صدر، سپریم کورٹ وفاقی آئینی عدالت کی بھی غیر ضروری لائٹس بجھائی گئیں، راولپنڈی سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری دفاتر میں غیرضروری لائٹیں بند کی گئیں، اس کے علاوہ لاہور میں بھی مرکزی شاہراہوں اور سرکاری عمارتوں کی لائٹس بند کی گئیں۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق صوبہ بھر میں 500 سے زائد مقامات پر روشنیاں گل ہوئیں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر افس سمیت دیگر دفاتر میں لائٹس آف کر دی اور نمایاں شہروں کی مرکزی روڈز پر سٹریٹ لائٹس، نجی عمارتوں اور مری کے ایمفی تھیٹر میں روشنیاں گل کرکے شمع روشن کر گئیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں میں بھی ورلڈ ارتھ ڈے کے تحت ایک گھنٹے کے لیے لائٹیں بند کی گئیں۔