انتظامیہ کی زیر نگرانی پلانٹیشن فار جنریشنز مہم کل شروع
1 لاکھ پودوں کا ہدف،کمشنر راجہ جہانگیر مہم کا افتتاح کرینگے ،شاہرات اور اداروں میں شجرکاری، کم ازکم 5 فٹ کے پودے لگا ئے ،آبیاری یقینی بنائی جائیگی:اجلاس میں ہدایات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کی زیر نگرانی ‘‘پلانٹیشن فار جنریشنز’’ مہم کا کل 30 مارچ بروز سوموار سے آغاز کیا جا رہا ہے ، اس دوران شاہرات اور چاردیواریوں کے اندر ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کمشنر کمپلیکس میں پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز کمشنر کی زیر صدارت ‘‘شجرکاری اب ضروری’’کے عنوان سے اجلاس منعقد ہوا جس میں شجرکاری مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں قائم کمیٹی کے کنوینر اور ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے مختلف محکموں کو تفویض کردہ اہداف اور پیشرفت پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں کالجز، سکول ایجوکیشن، ہارٹیکلچر ایجنسی، یونیورسٹیز، جنگلات، انہار، سپورٹس سمیت دیگر اداروں کے افسران شریک ہوئے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف ڈی اے سٹی، پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز، کالجز، سکولز، انہار اور دیگر ادارے بھی کل سوموار سے شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے ۔ اس دوران کم ازکم 5 فٹ کے پودے لگانے اور ان کی باقاعدہ آبیاری کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ تمام ادارے اپنے وسائل سے پودوں کا بندوبست کریں گے ۔شجرکاری مہم کے سلسلے میں ہارٹیکلچر ایجنسی کے زیراہتمام پلانٹ بینک بھی قائم کیا جائے گا جہاں شہری اور ادارے پودے خریدنے کے ساتھ عطیہ بھی کر سکیں گے ۔کمشنر فیصل آباد نے ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتے مختلف اداروں کی جانب سے جاری شجرکاری مہم کا خود جائزہ لیں گے اور اس میں شریک بھی ہوں گے۔