بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق
شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح : ڈی پی او کا اجلاس سے خطاب
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ کی زیر صدارت بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں اور اقلیتی برادری کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دینِ اسلام میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور ٹوبہ ٹیک سنگھ ایک پرامن ضلع ہے جہاں مختلف مذاہب کے افراد میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کی مثالی فضا موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرجا گھروں کے اطراف صفائی، لائٹنگ اور دیگر سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ مسیحی برادری کو عبادات کے دوران بہترین ماحول میسر ہو۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، حساس مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں نے امن، برداشت اور اتحاد کے پیغام کو فروغ دینے پر زور دیا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔