کمشنر فیصل آباد کا ایسٹر پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کا حکم

کمشنر فیصل آباد کا ایسٹر پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کا حکم

ڈویژن بھر میں پٹرول پمپس پر فیول کے سٹاک کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرجا گھروں کے باہر غیر معمولی انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے ایسٹر کے انتظامی و حفاظتی امور کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ایس ایس پی آپریشنز محمد سلیم کے علاوہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان بھی شریک تھے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ مسیحی برادری کو مذہبی تہوار پرسکون انداز میں منانے کیلئے جامع انتظامی و حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی میں کسی قسم کا خلا برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے ڈویژن بھر میں پٹرول پمپس پر فیول کے سٹاک کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ پٹرول پمپس ایسوسی ایشنز، ٹرانسپورٹرز، اشیائے ضروریہ کے تاجروں و آڑھتیوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور مقررہ نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔کمشنر نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو خودساختہ مہنگائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں