ہوٹلز، فوڈ پوائنٹس ، مساج سنٹرز کی آڑ میں بد کاری کے اڈے ، پولیس کارروائی میں غیر سنجیدہ
پولیس محض سکیورٹی انتظامات کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کر کے اعلیٰ حکام کو اطمینان بخش رپورٹس ارسال کر رہے ،رویہ ہائی پروفائل تعلقات والوں کو تحفظفراہم کرنے کے مترادف ہے :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )ہوٹلز، ہاسٹلز، فوڈ پوائنٹس اور مساج سنٹرز کی آڑ میں مبینہ طور پر چلنے والے بدکاری کے اڈوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کے بجائے پولیس کی جانب سے محض سکیورٹی انتظامات کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ، جسے شہری حلقے ان عناصر کو مبینہ تحفظ فراہم کرنے کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق غیر قانونی مساج سنٹرز، فوڈ پوائنٹس، ہوٹلز اور ہاسٹلز کی آڑ میں مبینہ بدکاری کے اڈے چلانے والے افراد کے ہائی پروفائل تعلقات کے باعث متعلقہ پولیس افسروں کی جانب سے کارروائیوں میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔
ڈی گراؤنڈ، پیپلز کالونی، سوساں روڈ، کوہ نور چوک، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، کینال روڈ، کشمیر پل، غالب سٹی چوک، خیابان کالونی، ریلوے اسٹیشن چوک، لاری اڈا اور اسٹیٹ بینک چوک سمیت شہر کے مختلف مصروف علاقوں میں اس نوعیت کی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ان مبینہ اڈوں پر باآسانی رسائی کے باعث نوجوان نسل، خصوصاً طلبہ و طالبات، منفی سرگرمیوں کا شکار ہو رہی ہے۔
بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ تھانوں کی پولیس مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کر لیتی ہے اور بعض اوقات سکیورٹی کے ناقص انتظامات کی بنیاد پر معمولی مقدمات درج کرکے اعلیٰ حکام کو اطمینان بخش رپورٹس ارسال کر دی جاتی ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔