صنعتی یونٹس کی منتقلی کا فیصلہ، 200 ایکڑ اراضی کی نشاندہی
ستیانہ روڈ پر انفراسٹرکچر کے لیے پی سی ون جلد حکومت کو بھجوایا جائے گا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد کی ہدایت پر شہر میں ماحولیاتی آلودگی اور ممکنہ صنعتی خطرات کے تدارک کے لیے خطرناک صنعتوں کو شہری حدود سے منتقل کرنے کے لیے ستیانہ روڈ پر 200 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ اس منصوبے کے انفراسٹرکچر کے لیے پی سی ون جلد حکومت پنجاب کو ارسال کیا جائے گا۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے و کنوینر محمد آصف چوہدری نے ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں اور صنعتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ اراضی کا موقع پر تفصیلی جائزہ لیا جا چکا ہے جو انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے موزوں قرار دی گئی ہے ۔ اس مقام کے قریب گندا نالا موجود ہونے کی وجہ سے صنعتی فضلے اور سیوریج کے اخراج کے لیے بھی سہولت میسر ہوگی۔