تاجروں پر غیر ضروری ٹیکس ختم کئے جائیں:انجمن تاجران

تاجروں پر غیر ضروری ٹیکس ختم کئے جائیں:انجمن تاجران

حکومت بجلی ،گیس نرخ اور ٹیکس بڑھانے کی بجائے ہڑپ شدہ قرضے واپس لے

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلیٰ وصدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا،جنرل سیکرٹری شیخ سعید ، ڈپٹی سیکرٹری میاں ریاض شاہد، چیئر مین مرزااشرف مغل صدرینگ ٹریڈرز ملک سہیل نیاز طور اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بدترین معاشی بحران کے ذمہ وہ سیاستدان اور ارکان پارلیمنٹ ہیں جنہوں نے بھاری قرضے لیکر معاف کرائے آج اسکا خمیازہ تاجر برادری سمیت عوام کا ہر طبقہ بھگت رہا ہے ۔ اگرحکمران ملک وقوم سے مخلص ہیں توبجلی وگیس کی قیمتوں اور ٹیکسوں کی شرح بڑھانے کی بجائے ایسے لوگوں کو پکڑیں اوران سے ہڑپ شدہ قرضے واپس لیں۔

خواجہ شاہد رزاق سکا نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے تاجربرادری کودوست بنانا اور انہیں عزت دینا ہوگی ۔ملک بھر کی تاجر تنظیمیں قطعی غیر سیاسی ہیں وہ کاروبار کیلئے ساز گار ماحول چاہتی ہیں تاجروں پر لگائے گئے غیر ضروری ٹیکس ختم کئے جائیں۔ مہنگائی کے ستائے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیاجائے ۔عوام مزیدٹیکسوں والابجٹ قبول نہیں کرینگے ۔ سینئر رہنماؤں مرزا طالب صدیق بیگ، مرزا ثمریز سومی،مرزا مظہر صدیق بیگ،مرزا افضل مغل، میاں اشر ف مٹھو،اعجاز چوہدری،حاجی شمشاد،راؤ ہاشم ، یعقوب اعوان،خواجہ شجاع، عمران جگنو، حاجی یاسین لالہ معین شیخ،عبدالقیوم انور،چوہدری اکرم،عمران مجید ملک،افتخار مخی، شوکت اللہ، عامر حمید سینڈی نے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ میں دبے عوام اورتاجروں بجلی، پٹرولیم مصنوعات اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی بے حسی کا کھلا ثبوت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں