پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو کرایوں میں ریلیف نہ مل سکا

پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو کرایوں میں ریلیف نہ مل سکا

نئے کرایہ نامے جاری کرنے اور زائد کرایے لینے پر ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی کامطالبہ

 ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو تاحال ٹرانسپورٹ کرایوں میں کسی قسم کا ریلیف نہیں مل سکا،پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 22روپے فی لیٹر کمی کے اعلان کے بعد شہریوں کو توقع تھی کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی خاطر خواہ کمی کی جائے گی، تاہم ٹرانسپورٹرز نے بدستور پرانے کرایے برقرار رکھے ہوئے ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیتے ہیں، لیکن قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایے کم نہیں کیے جاتے ،مسافروں کے مطابق روزانہ سفر کرنے والے مزدور، طلبہ، ملازمین اور چھوٹے کاروباری افراد پہلے ہی مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی تاحال نئے ترمیمی کرایہ نامے جاری نہیں کیے گئے جس کے باعث مختلف روٹس پر پرانے کرایوں کے مطابق ہی مسافروں سے وصولیاں جاری ہیں، سماجی و عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ ٹرانسپورٹ فوری طور پر نئے کرایہ نامے جاری کریں اور زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچ سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں