بلدیاتی الیکشن میں بڑی طاقت بن کرابھریں گے :راناوحید
ہریوسی میں امیدوارکھڑے کئے جائینگے ،خواتین، یوتھ پرخصوصی توجہ دی جائیگی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرراناعبدالوحید نے کہاہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بڑی طاقت بن کر ابھریں گے ۔ انتخابات میں بھرپورطریقہ سے حصہ لیں گے ۔ہریونین کونسل میں امیدوارکھڑے کئے جائینگے ،خواتین اور یوتھ پرخصوصی توجہ دی جائے گی،عوام نے تینوں بڑی جماعتوں کوآزمالیا،اب دوبارہ انکے دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں یوسی و زونل ناظمین، عوامی کمیٹیوں کے صدور اور سیکرٹریزکے اعزازمیں عیدملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلعی امیر چوہدری سلیم،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری باسم سعید،اجمل بدر،رائے ندیم الرحمن،شیخ افضال شاہین،حافظ نوید اعوان، زبیرعباسی نے بھی خطاب کیا۔
رہنماؤں نے کہاکہ پاکستان وسائل، معدنیات اور نوجوان افرادی قوت سے مالا مال ملک ہے لیکن مخصوص مراعات یافتہ طبقہ ملک کو مسلسل لوٹ رہا ہے ۔ بیوروکریٹس، جاگیرداروں اور حکمران اشرافیہ کے گٹھ جوڑ نے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے ۔ اب چہرے اور پارٹیاں نہیں نظام بدلنے کا وقت آگیا ہے ۔ مسلم لیگ (ن)کئی دہائیوں سے اقتدار کے باوجود عوام کو صحت، تعلیم اور انصاف کی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کر سکی۔ پنجاب میں صحت کے بنیادی مراکز تک فروخت کیے جا رہے ہیں اور ان پر مریم نواز کے نام کی تختیاں لگائی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز عوام کے پیسے سے صرف اپنی تشہیر کر رہی ہیں جبکہ صحت اور تعلیم کا نظام تباہ حال ہے ۔ قوم اس ظالمانہ نظام کی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کاساتھ دے ۔