ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنیکی ہدایت
ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت اجلاس ، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی عمر میلہ نے کہا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے ،تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں،اس موقع پر مون سون سیزن کے پیش نظر نکاسی آب کے انتظامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ واسا کو 7جون تک ڈی سلٹنگ کا عمل ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے پیشگی اور موثر انتظامات یقینی بنائے جائیں،انہوں نے مکینیکل رائیڈز اور نہروں میں نہانے پر عائد پابندی کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے کہا کہ شہری حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اجلاس میں عشرہ محرم الحرام کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کیلئے تمام انتظامات پیشگی مکمل کئے جائیں ،جبکہ صفائی، سکیورٹی، لائٹنگ اور دیگر سہولیات بروقت یقینی بنائی جائیں،انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔