دوبارہ سمارٹ لاک ڈئون کا نفاز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کاروباری حلقوں کو مشکلات

دوبارہ سمارٹ لاک ڈئون کا نفاز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کاروباری حلقوں کو مشکلات

عید پر پابندیان ختم کرنے سے کاروبار معمول پر آ گئے تھے ،دوبارہ لاک ڈائون سے دیہاڑی دار طبقے کی آمدن میں بھی کمی آئے گی، تاجر ، محدود اوقات کار سے صارفین کو بھی مشکلات ہو نگی :شہریوں کا ردعمل

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) حکومت نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد دوبارہ سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے ۔مارکیٹوں، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز کے اوقات کار محدود کر دئیے گئے ہیں، جس کے بعد تاجر برادری اور کاروباری حلقے پریشانی کا شکار ہیں جبکہ تاجروں نے حکومتی اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔عید الاضحیٰ کے بعد حکومتی ہدایات کے مطابق آج سے فیصل آباد کی مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور عام کاروباری مراکز رات 8 بجے تک کھلے رہ سکیں گے جبکہ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس اور کھانے پینے کے مراکز کو رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔عیدسے قبل پنجاب حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے متعدد پابندیاں ختم کر دی تھیں جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں معمول پر آ گئی تھیں، تاہم دوبارہ پابندیوں کے نفاذ نے تاجروں کو نئی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کاروباری طبقہ پہلے ہی مہنگائی، بجلی کے بڑھتے نرخوں اور معاشی دباؤ کا شکار ہے ۔ رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی جبکہ چھوٹے تاجروں اور دیہاڑی دار طبقے کی آمدن میں بھی کمی آئے گی۔ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ کاروباری اوقات میں مزید نرمی کی جائے ۔شہری حلقوں نے بھی ملے جلے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے گرمی میں خریداری کا زیادہ تر رجحان شام اور رات کے اوقات میں ہوتا ہے ، اس لیے محدود اوقات کار سے صارفین کو بھی مشکلات ہو نگی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں